وانا(روشن پاکستان نیوز) وانا، کیڈٹ کالج وانا کے تازہ ویڈیو مناظَر سامنے آنے کے بعد سکیورٹی فورسز کی کارروائی اور طلبہ کی سلامتی کی تصاویر منظرِعام پر آ گئی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے آپریشن کرکے تمام خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ، کالج میں حملے کے وقت قریباً 650 افراد موجود تھے جن میں 525 کیڈٹس شامل تھے، اور فورسز نے انتہائی احتیاط اورحکمتِ عملی کے ساتھ تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔
ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سکیورٹی اہلکار بچوں کو اٹھا کر، چوکنا انداز میں کالج عمارات سے باہر نکال رہے ہیں اور طبی عملہ موقع پر پہنچ کر فوری امدادی چیک کر رہا ہے۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ کالج میں افغان خوارج کی موجودگی کی شکایت کی بنیاد پر آپریشن بروقت اور محتاط انداز میں چلایا گیا، تاکہ کیڈٹس کی جانوں کو ہرصورت میں تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: کیڈٹ کالج وانا پر دہشتگردوں کا حملہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی کارروائی میں پاک فوج کے جوانوں نے دو حملہ آوروں کو ہلاک کیا تھا، تاہم آپریشن ابھی تک مکمل طور پرختم نہیں ہوا اور آخری خوارج کو ہلاک کئے بغیر کلیئرنس آپریشن حتمی شکل نہیں دے گا۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور چھپی ہوئی عمارتوں کی مکمل تلاشی جاری ہے۔
حملے سے قبل حملہ آوروں نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرائی، جس سے گیٹ اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور افغانستان سے رابطے میں تھے اور مقامی وقت کے مطابق وہییں سے ہدایات وصول کر رہے تھے تاہم کیڈٹس کی رہائش گاہ سے فاصلے پر چھپی عمارت میں موجود خوارج کو فورسز نے نشانہ بنایا۔
سکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ آپریشن جامع اور منظم طریقے سے جاری ہے اور بچوں، اساتذہ اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر کیڈٹس اور اساتذہ کا حوصلہ بلند بتا یا جاتا ہے اور فورسز کی پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا جا رہا ہے۔ مزید تفصیلات اور باضابطہ بریفنگ سکیورٹی حکام کی جانب سے جاری کی جائے گی۔










