منگل,  18 نومبر 2025ء
روزانہ کافی پینے سے دل کے ایک سنگین عارضے سے بچنے میں مدد ملتی ہے، تحقیق

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اگر آپ کو کافی پینا پسند ہے تو یہ گرم مشروب دل کی ایک سنگین بیماری سے بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ کافی پینے سے دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کے عارضے سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کے عارضے کے لیے طبی زبان میں atrial fibrillation کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی سے فالج کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اسی طرح یہ عارضہ خون کے گاڑھے ہونے، ہارٹ فیلیئر اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ بھی بڑھاتا ہے۔

اس تحقیق میں 200 افراد کو ایک کلینیکل ٹرائل کا حصہ بنایا گیا۔

یہ افراد کافی پینا پسند کرتے تھے جبکہ ان میں دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کے عارضے کو بھی دیکھا گیا تھا

الیکٹریکل کارڈیو ورژن طریقہ علاج کے ذریعے ان سب افراد کے دل کی دھڑکن کے ردہم کو درست کیا گیا۔

بعد ازاں انہیں 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔

ایک گروپ کو روزانہ کم از کم ایک کپ کافی یا ایسپریسو پینے کی ہدایت کی گئی جبکہ دوسرے کو کافی اور کیفین والے مشروبات سے دور رہنے کا کہا گیا۔

یہ ٹرائل 6 ماہ تک جاری رہا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ جو افراد روزانہ کافی پیتے تھے، ان میں دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی کے عارضے سے دوبارہ متاثر ہونے کا خطرہ 39 فیصد تک کم ہوگیا۔

محققین نے بتایا کہ کافی کے ورم کش اثرات سے ممکنہ طور یہ فائدہ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نتائج حیران کن تھے، کیونکہ دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی کے مریضوں کو کافی کا استعمال کم از کم کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے، مگر تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ یہ مشروب نہ صرف محفوظ ہے بلکہ اس سے صحت کو تحفظ ملتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کافی پینے سے جسمانی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے جس سے بھی دل کی اس بیماری کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

مزید خبریں