اسلام آباد روشن پاکستان نیوز) تحریک نجات مظلومین کے چیف کوآرڈینیٹر اور سابق وفاقی وزیر جے سالک کا حکیم الامت شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال کے یوم پیدائش پر انکی تصویر کیساتھ غبارے فضا میں اڑا کر زبردست خراج تحسین، جے سالک نے اپنی اہلیہ میری جے سالک کے ہمراہ برصغیر کے مسلمانوں کیلئے الگ ملک کا خواب دیکھنے والے عظیم فلسفی شاعر علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر انکی تصویر اور قومی پرچم کیساتھ غبارے فضا میں چھوڑ کر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر جے سالک کا کہنا تھا کہ حکیم الامت شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ایک عظیم مفکر فلسفی ادیب اور عاشق رسول ﷺ تھے جنہوں نے پاکستان کا خواب دیکھا جسے قائد اعظم نے شرمندہ تعبیر کیا، اقبال نے اپنے خطبہ الہ آباد میں ایک الگ اسلامی مملکت کا پورا نقشہ پیش کر دیا تھا جو بعد ازاں قائد اعظم نے ایک عظیم جدوجہد کے زریعے پایہ تکمیل تک پہنچایا۔اقبالؒ کی شخصیت اور فکر ایک بے مثال میراث، جس نے مسلمانان ہند میں خودی اور وقار کا جذبہ بیدار کیا، پاکستان اقبال کے خواب کی تعبیر ہے اور اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، علامہ اقبالؒ کے افکار آج بھی ہمارے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہیں۔ اقبال کے فلسفۂ خودی نے نوجوانوں کو بلند حوصلہ، غیر متزلزل ایمان اور خود اعتمادی عطا کی، جے سالک نے مزید کہا کہ ہمیں اقبالؒ کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، اتحاد اور امن کے لیے کوشاں رہنا ہوگا۔نوجوانوں کے لیے اقبالؒ کے افکار مشعل راہ ہیں، آج ہمیں اپنے ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے اقبال کے پیغام کو اپنانا ہوگا۔











