جمعه,  07 نومبر 2025ء
آئینی عدالتوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت، بلدیاتی نظام پرکوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، بلاول بھٹو

کراچی(روشن پاکستان نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئینی عدالتوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میثاقِ جمہوریت کے دیگر نکات پر بھی غور کیا جانا چاہیے اور حکومت سے مشاورت کے بعد ان پر پیش رفت کی جائے گی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آرٹیکل 243 پر پیپلزپارٹی حکومت کی حمایت کرے گی جبکہ دیگر نکات پر مزید اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پیپلزپارٹی نے ججز کے تبادلوں سے متعلق اپنی تجاویز تیار کر لی ہیں اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ ججز کے تبادلے کا فیصلہ جوڈیشل کمیشن کے فورم سے ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ حکومت نے تجویز دی ہے کہ صدر کی اجازت ختم کر کے فیصلہ کمیشن کرے، تاہم ہم سمجھتے ہیں کہ صدر مملکت کو اپنا آئینی کردار ادا کرنا چاہیے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ 27ویں ترمیم سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں اور پارٹی کھل کر حکومتی ترامیم کی حمایت کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں: سیاسی لڑائی زور پکڑ گئی، بلاول اور مریم کے بعد میمن اور عظمیٰ آمنے سامنے

انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کے حصے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سندھ کا بلدیاتی نظام انتظامی و مالی طور پر سب سے زیادہ خودمختار ہے، جب کہ پنجاب کے بلدیاتی نظام میں تو میئر کی نشست ہی موجود نہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ سے بلدیاتی انتخابات کے حق میں رہی ہے، وفاقی حکومت نے اس حوالے سے کسی تبدیلی کا مطالبہ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول ہاؤس مولانا فضل الرحمان کا دوسرا گھر ہے، وہ جب چاہیں آ سکتے ہیں، جب کہ صحت کے شعبے میں پیپلزپارٹی نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

مزید خبریں