اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں مسجد میں ہونے والے دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ جکارتہ کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں 55 افراد، جن میں زیادہ تر طلبہ شامل ہیں، کے زخمی ہونے کی خبر سن کر دل انتہائی رنجیدہ ہے۔ سحر کامران نے کہا کہ ہماری ہمدردیاں زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور انڈونیشیا میں امن و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔
دوسری جانب، غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جکارتہ کے ایک اسکول کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 54 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
مزید پڑھیں: چوہدری اعتزاز احسن کا 80واں یومِ پیدائش، سحر کامران سمیت سیاسی و تعلیمی شخصیات کی شرکت
پولیس نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے ہیں اور جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ حکام نے ابتدائی شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔
ایک عینی شاہد، جو اسکول کے استاد ہیں، نے بتایا کہ “جب خطبہ شروع ہی ہوا تھا تو اچانک ایک زوردار دھماکے کی آواز آئی۔ اس کے بعد طلبہ خوف کے باعث بھاگنے لگے، جس دوران کئی طلبہ گر کر زخمی ہو گئے۔”
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، دھماکے کے محرکات تاحال سامنے نہیں آ سکے، تاہم انڈونیشی حکام نے جامع تحقیقات شروع کر دی ہیں۔











