مانچسٹر(روشن پاکستان نیوز) گریٹر مانچسٹر پولیس (GMP) نے منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے دوران مانچسٹر ایئرپورٹ سے دو ملین پاؤنڈ سے زائد مالیت کا سونا اور زیورات برآمد کر لیے۔پولیس کے مطابق، جمعرات کی رات ایئرپورٹ پر ایک مشتبہ گاڑی کو روکنے کے بعد تلاشی لی گئی جس کے دوران سات سونے کی اینٹیں برآمد ہوئیں جن کی مالیت تقریباً سات لاکھ پاؤنڈ بتائی جا رہی ہے۔ یہ سونا فورس کی تاریخ میں سب سے بڑی برآمدگی قرار دی جا رہی ہے۔تحقیقات کے دوران مزید دو مشتبہ افراد کی نشاندہی ہوئی جنہیں پیر کی شام برطانیہ واپسی پر گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ان کے سامان کی تلاشی کے دوران مزید ایک ملین پاؤنڈ مالیت کے زیورات اور سونا برآمد کیا۔مزید چھاپوں کے دوران بریڈفورڈ، ویسٹ یارک شائر میں ان کے گھروں سے 60 ہزار پاؤنڈ مالیت کی سونے کی اینٹیں، 30 ہزار پاؤنڈ کی گھڑی اور نقد رقم بھی ملی۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی عمریں 45 اور 49 سال ہیں اور ان سے منی لانڈرنگ کے الزام میں تفتیش جاری ہے۔جی ایم پی کی اکنامک کرائم یونٹ کی ڈٹیکٹیو انسپکٹر سارہ لینگلے نے بیان میں کہا کہ “اس نوعیت کی بڑی برآمدگی کی مکمل چھان بین کی جا رہی ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ یہ سونا اور زیورات ملک میں کیوں لائے جا رہے تھے۔ پیسے یا قیمتی اشیاء سے متعلق کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اور قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔”
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس اس معاملے سے متعلق مزید معلومات ہوں تو فوراً حکام سے رابطہ کریں۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن، 6 ملزمان گرفتار










