راولپنڈی (عرفان حیدر) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی شہر کو سرسبز و شاداب اور خوبصورت بنانے کے مشن پر سرگرم عمل ہے۔ ادارہ نہ صرف شہر میں بیوٹیفیکیشن کے مختلف منصوبوں پر کام کر رہا ہے بلکہ اپنی نرسریز میں اعلیٰ نسل کے پھولوں اور پودوں کی افزائش اور نگہداشت کے عمل کو بھی بھرپور انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے۔
ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایت پر نرسریز میں مختلف اقسام کے پودوں، پھولوں اور سایہ دار درختوں کی افزائش روزانہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے تاکہ پودوں کی دستیابی میں خود کفالت حاصل کی جا سکے اور شہر میں شجرکاری کے عمل کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
پی ایچ اے کی نرسریز میں بیجوں کے استعمال سے نئی نسل کے پودے تیار کیے جا رہے ہیں جو شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ماحول کو سرسبز بنانے میں بھی معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ایئرلیئرنگ (گُٹی باندھنے) کے طریقے سے بھی پودوں کی افزائش کی جا رہی ہے، جس سے پودوں کی جڑیں قدرتی انداز میں نکل آتی ہیں اور وہ اگلے مرحلے میں شہر کی مختلف گرین بیلٹس اور پارکوں میں لگانے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ایچ اے راولپنڈی پارکس کی خوبصورتی اور عوامی سہولیات میں مصروف
پی ایچ اے کے مطابق نرسریز میں تیار شدہ پودے راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں لگائے جا رہے ہیں، جس سے شہر کی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ڈی جی احمد حسن رانجھا نے کہا کہ پی ایچ اے کے ورکرز انتہائی مہارت اور ذمہ داری سے پھولوں اور پودوں کی نگہداشت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ پودوں کی تیاری اور دستیابی کے حوالے سے مکمل طور پر خود کفیل ہو چکا ہے۔
ڈی جی احمد حسن رانجھا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق راولپنڈی کو سرسبز و شاداب شہر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو صحت مند اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے۔










