راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) صادق آباد، وارث خان، ویسٹریج اور دیگر علاقوں کی پولیس نے ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری، غیر قانونی شراب اور اسلحہ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
صادق آباد پولیس کی کارروائی کے دوران ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث تین رکنی گینگ گرفتار کیا گیا۔ گینگ کے قبضے سے چار مسروقہ موٹر سائیکلیں، دو لاکھ روپے مالیت کے تین چھینے گئے موبائل فون، 72 ہزار روپے نقدی اور وارداتوں میں استعمال ہونے والے تین پسٹل برآمد ہوئے۔ ایس پی راول سعد ارشد نے کہا کہ گرفتار افراد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کیا جائے گا اور شہریوں کے جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
اسی طرح، وارث خان اور ویسٹریج پولیس نے ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث تین گینگز کے چھ افراد کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے سات مسروقہ و چھینے گئے موٹر سائیکل، موٹر سائیکل کے پارٹس، 8 ہزار روپے نقد اور اسلحہ برآمد ہوا۔ وارث خان پولیس نے دو گینگز کے چار افراد کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے پانچ مسروقہ موٹر سائیکل اور پارٹس برآمد ہوئے جبکہ ویسٹریج پولیس نے دو رکنی گینگ کو گرفتار کرکے چھینے گئے دو موٹر سائیکل، 8 ہزار روپے نقد اور اسلحہ برآمد کیا۔ ایس پی نے کہا کہ شہریوں کو قیمتی اثاثے سے محروم کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کا بڑا حکم، پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری
راولپنڈی پولیس کی مزید کارروائیوں میں چار افراد کو حراست میں لے کر 23 لیٹر غیر قانونی شراب اور اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔ یہ کارروائیاں تھانہ سٹی، صادق آباد، بنی اور چکلالہ کے علاقوں میں کی گئیں۔ ڈویژنل ایس پیز نے کہا کہ منشیات اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے افراد قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔











