اسلام آباد(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے 10 مختلف آپریشنز میں 13 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائیوں کے دوران 1 کروڑ 2 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 107.7 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔
تعلیمی اداروں کے قریب کارروائیاں:
اسلام آباد کے سیکٹر آئی-12 میں یونیورسٹی کے قریب گاڑی سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ٹنڈو جام میں یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 2 کلوگرام چرس، شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب 1.5 کلوگرام چرس، جبکہ شجاع آباد روڈ ملتان میں یونیورسٹی کے قریب ایک ملزم سے 530 گرام چرس برآمد کی گئی۔
گرفتار ملزمان نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرتے تھے۔
دیگر کارروائیاں:
وزیرآباد روڈ سیالکوٹ پر کوریئر آفس میں قطر بھیجے جانے والے پارسل سے صابن کی ٹکیوں میں جذب 345 گرام آئس برآمد کی گئی۔
فیروز والا جی ٹی روڈ گجرات پر ٹرک اور گاڑی سے 70.8 کلوگرام چرس اور 13.2 کلوگرام افیون برآمد کی گئی جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
مندرہ ٹول پلازہ راولپنڈی کے قریب ایک ملزم سے 9.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔
چناب ٹول پلازہ گجرات کے قریب گاڑی سے 4.8 کلوگرام چرس اور 1.2 کلوگرام افیون برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
کندیاں پھاٹک قصور کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 1 کلو ہیروئن اور ایک ڈرون برآمد ہوا، جبکہ حیات آباد پشاور کے انڈسٹریل اسٹیٹ روڈ پر موٹر سائیکل سوار سے 400 گرام چرس برآمد کی گئی۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کی کارروائی، بین الصوبائی منشیات نیٹ ورک پکڑا گیا، 144 کلوگرام چرس برآمد
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کر لیے گئے ہیں اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اے این ایف ملک بھر سے منشیات کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں مزید تیز کرے گی۔











