نوشہرہ(عدیل آزاد) بھارت سے تعلق رکھنے والے دو ہزار ایک سو سے زائد سکھ یاتری مذہبی رسومات کی ادائیگی اور سالانہ تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔
یہ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان میں داخل ہوئے، جہاں متروکہ وقف املاک بورڈ اور سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے نمائندوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
یاتری حضرات اپنی زیارت کے دوران ننکانہ صاحب، حسن ابدال، لاہور اور کرتارپور صاحب سمیت مختلف مقدس مقامات پر حاضری دیں گے۔
یہ دورہ بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی سالانہ تقریبات کے سلسلے میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: قلات: سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں بھارتی سرپرستی یافتہ 4 دہشتگرد ہلاک
پاکستانی حکام کے مطابق، یاتریوں کے قیام و طعام اور سیکورٹی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
بھارتی سکھ برادری نے پاکستان حکومت کے اس اقدام کو خیرسگالی اور مذہبی رواداری کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی کے باوجود اتنی بڑی تعداد میں سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے کی اجازت ملی ہے، جسے ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔











