اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ٹاپ 10 امریکی ارب پتی افراد کی دولت میں ایک سال کے دوران تقریباً 700 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔
برطانوی امدادی ادارے آکسفیم کی رپورٹ کے مطابق 2024 کے دوران امریکا کے ٹاپ 10 ارب پتی افراد کی دولت میں مجموعی طور پر 698 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ان ارب پتیوں میں ٹیسلا کے بانی ایلون مسک ، ایمازون کے بانی جیف بیزوز، امریکی بزنس مین لیری ایلسن اور میٹا کے سربراہ مارک زکر برگ اور دیگر شامل ہیں۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں سے امریکی عدم مساوات نئی بلندیوں تک جانے کا خطرہ ہے۔ ریپبلکن اور ڈیموکریٹک دونوں کی انتظامیہ نے امریکا کی بڑھتی ہوئی دولت کے فرق کو بڑھا دیا ہے۔
مزید پڑھیں: ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا نے مرسڈیز کو فروخت میں پیچھے چھوڑ دیا
آکسفیم کی رپورٹ کے مطابق 40 فیصد سے زائد امریکی شہری کم آمدنی والے افراد میں تصور کیے جاتے ہیں جن کی خاندانی کمائی قومی غربت کی لکیر کے 200 فیصد سے بھی نیچے ہے۔
واضح رہے امریکا ارب پتی افراد کے لحاظ سے فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔ امریکا میں اس وقت ارب پتی افراد کی تعداد 902 ہے۔
امریکا کے بعد فہرست میں دوسرے نمبر پر چین ہے۔ جہاں ارب پتی شخصیت کی تعداد 450 ہے۔ اس فہرست میں بھارت کا تیسرا نمبرہے۔ جہاں ارب پتی شخصیات کی تعداد 205 ہے۔











