اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) وفاقی دارالحکومت کے علاقے آئی الیون کے رہائشیوں نے سبزی منڈی کے قریب قائم کچرا کنڈی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ رہائشی آبادی کے بیچوں بیچ کچرا کنڈی کے قیام سے اہلِ علاقہ اور سبزی منڈی آنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، تفصیلات کے مطابق آئی الیون کے رہائشیوں سید حسنین شاہ اور ممتاز خان ترک کی قیادت میں ہونے والے اس احتجاج میں تہمینہ جاوید، نادیہ اعوان، محمد یوسف، دل افسر خان ، بشارت شاہ، راجہ عامر ترک اور دیگر معززینِ علاقہ نے شرکت کی۔ مظاہرین نے سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ کچرا کنڈی کو فوری طور پر ختم کر کے کسی غیر آباد اور مناسب علاقے میں منتقل کیا جائے تاکہ رہائشیوں کی صحت اور ماحول محفوظ رہ سکے۔شرکاء کا کہنا تھا کہ اس سے قبل کچرا کنڈی آئی-14 میں قائم تھی، جسے بعد ازاں آئی-12 منتقل کیا گیا اور اب آئی-11 کے رہائشی و تجارتی علاقے میں قائم کر کے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی گئی ہے۔ بدبو، تعفن، مچھروں اور مکھیوں کی بھرمار سے علاقے میں امراض اور جلدی بیماریاں پھیل رہی ہیں جبکہ سبزی منڈی کے تاجر اور خریدار بھی شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ احتجاجی شرکاء نے کہا کہ دنیا کے کسی مہذب ملک میں کچرا کنڈی آبادیوں کے اندر نہیں بنائی جاتی، مگر اسلام آباد جیسے خوبصورت شہر میں انتظامیہ کی غفلت اور ناقص منصوبہ بندی نے شہریوں کے لیے ماحولیاتی بحران پیدا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں صفائی کو نصف ایمان قرار دیا گیا ہے، لیکن افسوس کہ متعلقہ ادارے اس بنیادی اصول کو مسلسل نظر انداز کر رہے ہیں۔ رہائشیوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل جلد طے کیا جائے گا۔

				
															
								
								
								
								
								




								
															




