اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) آئی جی اسلام آباد کی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے شہریوں کی آسانی کیلئے بڑا اقدام کیا ہے۔
ڈرائیونگ لائسنس مہم کے دوسرے مرحلے میں ٹریفک پولیس نے اسلام آباد کے ناکوں پر ہی لرنر پرمٹ بنا کر دینے کا اعلان کیا ہے۔
سی ٹی او حمزہ ہمایوں کا کہنا ہے کہ شہری ناکوں پر موجود سہولت وینز سے پرمٹ حاصل کر سکیں گے۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس کی سہولت وینز 4 ناکوں پر موجود ہوں گی، زیرو پوائنٹ، فیض آباد، جی 14 اورفارن آفس ناکوں پر سہولت ہو گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے والے شہری لرنر پرمٹ حاصل کر سکتے ہیں، لائسنس یا پرمٹ نہ رکھنے والے شہریوں کو موقع پر پرمٹ دیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: اسلام کم عمر شادیوں کی حوصلہ شکنی کرتا ہے، علما و سماجی تنظیموں کی شادی کی عمر میں اصلاحات کی حمایت
انہوں نے کہا کہ ناکوں پر موجود ٹریفک پولیس اہلکار گاڑیوں کے لائسنس چیک کر رہے ہیں تاکہ غیر لائسنس یافتہ ڈرائیونگ کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔
سی ٹی او نے مزید کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کو آسان اور شفاف سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، یہ مہم شہریوں میں ڈرائیونگ کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔











