جدہ(روشن پاکستان نیوز) ادارہ امور حرمین شریفین نے عمرہ اور حج زائرین کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل رہنما ایپ ’دلیل المصلی‘ متعارف کروا دی ہے جو اردو سمیت متعدد زبانوں میں دستیاب ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ ایپ زائرین کو حرمین شریفین میں نمازوں کے اوقات، ائمہ و مؤذنین کا تعارف، قرآن کریم کے ڈیجیٹل نسخے، خطبات جمعہ، دینی دروس اور مسنون اذکار کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
ایپ میں ایک جدید ڈیجیٹل واچ فیچر بھی شامل کیا گیا ہے جو ایک نماز سے دوسری نماز کے درمیان وقت کی درست نشاندہی کرتا ہے تاکہ زائرین اپنے عبادات کے اوقات بہتر طور پر منظم کر سکیں۔
مزید پڑھیں: جدہ میں پاکستانی حج والنٹیئرز کے اعزاز میں تقریبِ تقسیمِ اسناد منعقد
’دلیل المصلی‘ ایپ عربی، اردو، انگریزی، ترکی، فرانسیسی، ملاوی اور انڈونیشی زبانوں میں دستیاب ہے، اور اس کا استعمال نہایت آسان بنایا گیا ہے تاکہ ہر زائر آسانی سے استفادہ کر سکے۔
زائرین اپنے موبائل فون پر اس ایپ کو ’کیو آر کوڈ‘ کے ذریعے حاصل کر سکتے ہیں۔ حرمین شریفین کے مختلف مقامات پر یہ کوڈز نصب کیے گئے ہیں جنہیں اسکین کرنے کے بعد ایپ انسٹال کی جا سکتی ہے۔
ایپ میں رمضان المبارک میں اعتکاف کے حوالے سے مکمل رہنمائی بھی شامل ہے تاکہ عبادت گزار زائرین اس مقدس مہینے میں روحانی سکون حاصل کر سکیں۔
ادارہ امور حرمین شریفین کے مطابق، اس ایپ کا مقصد زائرین کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر رہنمائی فراہم کرنا اور ان کے روحانی تجربے کو مزید سہل اور بامقصد بنانا ہے۔
 
				 
															 
								 
								 
								 
								 
								





 
								 
															





 
															 
															 
								 
															