اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا خلا باز 2026 میں خلا میں قدم رکھے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور ترقی احسن اقبال نے اسلام آباد میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اور کمرشل سیٹلائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ خوشخبری سنائی ہے کہ پاکستان کا پہلا خلا باز اگلے برس 2026 میں خلا میں بھیجا جائے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ کسی بھی تہذیب کی ترقی کا دارومدار اس کی خلائی ٹیکنالوجی کی دسترس پر ہے۔ خلائی ٹیکنالوجی اڑان پاکستان کے بنیادی ستون کے طور پر شامل ہے۔ پاکستان نے گزشتہ 2 سال میں اپنے 4 سیارے خلا میں بھیجے ہیں۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان نے اپنے سیارے سے انٹرنیٹ سروس کی صلاحیت حاصل کر لی ہے۔ اب ہم فائبر، 5 جی، کمرشل سیٹلائٹ کے امتزاج سے جڑے پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ای پاکستان کا ہدف ملک کے ہر گوشے سے نوجوانوں کو دنیا سے جوڑنا ہے۔ ہر اسکول اور صحت کے مرکز کو براڈ بینڈ سے جوڑنا ہماری ترجیح ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ای پاکستان محض نعرہ نہیں بلکہ جدید معیشت اور گورننس کی بنیاد اور جدید ڈیجیٹل معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ اس ڈیجیٹل معیشت میں نوجوانوں کیلیے نئے روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا ہونگے۔
مزید پڑھیں: افغان طالبان اپنے انجام کا حساب رکھیں ، پاکستان کو آزمانا بہت مہنگا ثابت ہو گا ، وزیر دفاع
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ انٹرنیٹ اب محض رابطہ نہیں بلکہ پیداوارکا بنیادی انفرااسٹرکچرہے۔ ہر شہری تک تیز رفتار انٹرنیٹ کی رسائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ دور دراز علاقوں کو جوڑنے کیلیے سیٹلائٹ انٹرنیٹ اہم کردارادا کرے گا۔











