راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے “دھی رانی پروگرام” کی تقریب میں شریک آمنہ بی بی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے جذبۂ ہمدردی اور عوامی خدمت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لیے ماں جیسا کردار ادا کر رہی ہیں۔
آمنہ بی بی کا کہنا تھا کہ میرے نہ والد ہیں نہ والدہ، لیکن مریم نواز شریف نے ماں کی طرح میرے سر پر دستِ شفقت رکھا، شادی کے تمام اخراجات برداشت کیے، باعزت رخصتی کروائی، عروسی جوڑا اور تحائف دیے، جبکہ بطور سلامی 2 لاکھ روپے بھی عطا کیے۔
مزید پڑھیں:پنجاب حکومت کا ہنرمند نوجوانوں کیلئے مریم نواز فری پرواز کارڈ جاری کرنےکا فیصلہ
انہوں نے کہا کہ دھی رانی پروگرام جیسے اقدامات بے سہارا اور یتیم بچیوں کے لیے امید کی نئی کرن ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب ہر بیٹی کو باعزت زندگی دینے کے لیے پرعزم ہے، اور اس پروگرام کے ذریعے مستحق بچیوں کی شادیوں میں مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کوئی بیٹی جہیز یا وسائل کی کمی کی وجہ سے رکی نہ رہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت صوبے بھر میں مستحق بچیوں کی شناخت، امداد اور ان کی باعزت رخصتی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔











