جمعه,  12 دسمبر 2025ء
ٹیپ ٹیپ نے ترسیلات زر پر چارجز کا آغاز کر دیا

لندن (روشن پاکستان نیوز)  بین الاقوامی ترسیلاتِ زر کی مقبول ایپ ٹیپ ٹیپ (TapTap Send) نے اب اپنی سروس پر چارجز کا اطلاق شروع کر دیا ہے۔ اس سے قبل کمپنی بیرونِ ملک رقوم بھیجنے کی مفت سہولت فراہم کرتی تھی، تاہم اب صارفین کو فی ٹرانزیکشن ایک پاؤنڈ کے قریب فیس ادا کرنا ہوگی۔

ٹیپ ٹیپ کے صارفین کے مطابق، اگرچہ کمپنی نے فری ٹرانسفر کی سہولت ختم کر دی ہے، مگر اس کے بدلے میں رفتار، شفافیت اور سیکیورٹی کے نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اب رقم چند منٹوں میں پاکستان سمیت دیگر ممالک میں محفوظ طریقے سے پہنچ جاتی ہے۔

ایک صارف نے بتایا کہ “ایک پاؤنڈ کی فیس کوئی بڑی رقم نہیں، کیونکہ گھر بیٹھے موبائل ایپ کے ذریعے رقم فوری طور پر بھیجنا بڑی سہولت ہے۔ بینکوں یا حوالہ مراکز تک جانے کی جھنجھٹ ختم ہو گئی ہے۔”

مزید پڑھیں: خواجہ آصف نے قومی ائیر لائن کے برطانیہ فلائٹ آپریشن کی بحالی کا افتتاح کردیا، پہلی پرواز آج مانچسٹر روانہ ہوگی

ماہرین کے مطابق، عالمی سطح پر فری ٹرانسفر ماڈل اب معاشی طور پر پائیدار نہیں رہا، کیونکہ بین الاقوامی مالیاتی ریگولیشنز اور سیکیورٹی اقدامات میں لاگت بڑھ چکی ہے۔

ٹیپ ٹیپ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ چارجز سروس کو مزید محفوظ، تیز اور قابلِ اعتماد بنانے کے لیے متعارف کروائے گئے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی کمیونٹی سمیت دنیا بھر میں موجود صارفین کے لیے ترسیلاتِ زر کو آسان اور سستا رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ ٹیپ ٹیپ سینڈ برطانیہ، یورپ، امریکہ اور خلیجی ممالک سے پاکستان، بنگلہ دیش، نائیجیریا، گھانا اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں فوری ترسیلاتِ زر کے لیے ایک معتبر پلیٹ فارم کے طور پر ابھر چکا ہے۔

مزید خبریں