اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکنِ قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا ہے کہ وہ بلومبرگ انیشی ایٹو پارٹنرز میٹنگ میں ورچوئل طور پر شریک ہوئیں، جو 22 سے 24 اکتوبر 2025 تک تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے رینیسانس راچپراسونگ ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ یہ شرکت انہیں آورات فاؤنڈیشن کی دعوت پر حاصل ہوئی۔
اس بین الاقوامی اجلاس میں پاکستان، بنگلہ دیش، امریکہ اور آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے نمائندوں نے شرکت کی۔ سحر کامران نے کہا کہ یہ اجلاس انسدادِ تمباکو نوشی کے حوالے سے مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم موقع ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، بنگلہ دیش، امریکہ اور آئرلینڈ کے شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر ہم نوجوان نسل کو تمباکو نوشی کے تباہ کن اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ تمباکو نوشی ہر سال پاکستان میں 1 لاکھ 64 ہزار سے زائد قیمتی جانیں نگل لیتی ہے اور معیشت کو تقریباً 615 ارب روپے کا نقصان پہنچاتی ہے۔
مزید پڑھیں: تھنک ٹینکس کے سربراہان کا اکٹھا ہونا خوش آئند، قومی پالیسی سازی میں اہم کردار: سحرکامران
سحر کامران نے کہا کہ ہمیں ایک صحت مند مستقبل کے لیے تمباکو پر قابو پانے کی پالیسیوں کو مزید مؤثر بنانا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون جاری رکھتے ہوئے انسدادِ تمباکو نوشی کی مہم کو مزید تقویت دی جائے گی تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک بہتر اور صحت مند زندگی فراہم کی جا سکے۔