جمعرات,  23 اکتوبر 2025ء
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 6 ملزمان گرفتار

اسلام آباد (عرفان حیدر) انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مختلف کارروائیوں میں 15.016 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 32 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

تعلیمی اداروں کے قریب کارروائی:
پشاور میں واقع ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران اے این ایف نے ایک ملزم کو گرفتار کیا جس کے قبضے سے 200 گرام وزنی 300 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔ گرفتار ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ یہ منشیات تعلیمی اداروں کے طلباء کو فروخت کرتا تھا۔

دیگر کارروائیاں:

  • کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحرین جانے والے ایک مسافر کے پیٹ سے 0.542 کلوگرام ہیروئن بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے۔

  • چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں واقع ایک کوریئر آفس میں برطانیہ سے آئے پارسل سے 52 گرام ویڈ برآمد ہوا۔

  • شیخوپورہ انٹرچینج کے قریب ایک منی ٹرک کے خفیہ خانوں سے 10.8 کلوگرام افیون برآمد ہوئی اور ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔

  • پشاور کے عمرگل روڈ کسٹم چوک کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

  • جہلم میں واقع ایک کوریئر آفس میں راولپنڈی سے بھیجے گئے پارسل سے 1.022 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جس پر دو ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق، تمام کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997ء کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ اے این ایف ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے، اور تعلیمی اداروں کے اردگرد منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔

مزید خبریں