اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں خیبر پختونخوا کے معروف آفریدی قبیلے کے چند نوجوان ایک معروف سوشل میڈیا ویب چینل کو انٹرویو دے رہے ہیں۔ ان نوجوانوں نے خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے حوالے سے خاص پیغام دیا ہے۔
ویڈیو میں نوجوانوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمارے آفریدی قبیلے اور خیبر پختونخوا کی عوام پر جو احسانات کیے ہیں، ہم ان احسانات کا بدلہ احسن طریقے سے دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں جاری ظلم و ناانصافی کے خلاف ہم بھرپور آواز اٹھائیں گے اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ کھڑے رہیں گے تاکہ خیبر پختونخوا میں حقیقی تبدیلی اور عوام کی فلاح و بہبود ممکن ہو سکے۔
مزید پڑھیں: سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کر دیئے گئے
آفریدی نوجوانوں نے مزید کہا کہ وہ عمران خان کی قیادت اور سہیل آفریدی کی حکومتی کارکردگی پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں اور آئندہ بھی ان کے سیاسی سفر کو سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ صوبے میں جاری ناانصافی کے خلاف متحد ہو کر آواز بلند کریں۔
یہ ویڈیو خاص طور پر اس وقت وائرل ہوئی ہے جب خیبر پختونخوا میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو رہی ہیں اور نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ عوام میں نوجوانوں کا یہ پیغام ایک مثبت علامت سمجھا جا رہا ہے کہ قبیلائی اتحاد اور سیاسی یکجہتی صوبے کی ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین اس ویڈیو کو خوب پسند کر رہے ہیں اور نوجوانوں کے اس عزم کو سراہ رہے ہیں کہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے اور نئے دور کی بنیاد رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں سہیل آفریدی کی حکومت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے جن میں امن و امان کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور عوامی فلاح و بہبود کے مسائل شامل ہیں۔ اس ویڈیو کے ذریعے نوجوانوں کی جانب سے دیا گیا یہ پیغام حکومت کے لیے بھی حوصلہ افزا ثابت ہو سکتا ہے۔