راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی شہر کو سرسبز و شاداب اور خوبصورت بنانے کے مشن پر سرگرمِ عمل ہے۔ شہر بھر میں جاری بیوٹیفیکیشن منصوبوں کے ساتھ ساتھ پی ایچ اے اپنی نرسریز میں اعلیٰ نسل کے پھولوں اور پودوں کی افزائش اور نگہداشت کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ پودوں کی مقامی سطح پر دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے اور شجرکاری کے فروغ میں خود کفالت حاصل ہو۔
ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں نرسریز میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف اقسام کے بیج استعمال کر کے سایہ دار درختوں سمیت درجنوں اقسام کے پودے تیار کیے جا رہے ہیں۔ ان پودوں کو بعد ازاں شہر کے مختلف علاقوں، پارکوں اور گرین بیلٹس میں لگایا جاتا ہے، جس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ سرسبز ماحول کو بھی فروغ مل رہا ہے۔
پی ایچ اے نرسریز میں بیجوں کے ذریعے افزائش کے ساتھ ساتھ “ایئر لئیرنگ” یعنی گُٹی باندھنے کے روایتی طریقے سے بھی پودے تیار کیے جا رہے ہیں، جس سے معیاری نسل کے پودوں کی نشوونما ممکن بنائی جا رہی ہے۔ اس طریقۂ کار کے ذریعے شاخ پر گُٹی باندھ کر نئی جڑیں نکالی جاتی ہیں، اور بعد ازاں تیار شدہ پودے زمین میں منتقل کیے جاتے ہیں۔
ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ اے راولپنڈی اپنی نرسریز کے ذریعے پودوں کی پیداوار میں خود کفیل ہو چکا ہے۔ نرسری ورکرز پھولوں، پودوں کی نگہداشت اور ہارٹیکلچر کے دیگر کاموں میں ماہر ہیں اور بہترین انداز میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی شہر کو پنجاب حکومت کے وژن کے مطابق سرسبز و شاداب بنایا جائے گا اور ماحول دوست اقدامات کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
شہریوں نے پی ایچ اے کی ان کوششوں کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ شجرکاری کے یہ منصوبے ماحولیاتی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گے۔