پیر,  20 اکتوبر 2025ء
نیک اعمال قبر کی روشنی کا سبب بنتے ہیں، حاجی فضیل رضا عطاری

کراچی(روشن پاکستان نیوز) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن و نگران کراچی مشاورت حاجی فضیل رضا عطاری نے کہا ہے کہ ہم اللہ کے عاجز بندے اور اس کے رسول ﷺ کے ادنیٰ غلام ہیں۔ زندگی بے حد مختصر ہے اور جلد ہی ہمیں اندھیری قبر میں اتار دیا جائے گا۔ اگرچہ بندہ اندھیری قبر میں اتارا جاتا ہے مگر اس کے نیک اعمال ہی اس کی قبر کو روشن کر دیتے ہیں۔ یہی نیک اعمال قبر کی روشنی کا حقیقی سبب بنتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ کراچی میں شعبہ محبتیں بڑھاؤ کے تحت پاکستان میڈیا کونسل کے مرکزی صدر مہر حمید انور کی والدہ مرحومہ اور کراچی پریس کلب کے کونسل ممبر و مرکزی کوآرڈینیٹر میاں خرم شہزاد کے مرحوم چچا عطاء اللہ وٹو اور دیگر مرحومین کیلئے منعقد ہونے والے ایصال ثواب اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔ رکن شوریٰ نے کہا کہ کسی نیکی کو معمولی نہ سمجھیں فی الحال ہمیں دنیا کی آسائشیں اور مال و دولت تو دکھائی دیتے ہیں مگر نیکی کا ثمر ہمارے دنیا سے چلے جانے کے بعد ظاہر ہوگا۔ اس وقت کوئی دنیا کی دولت و آسائش کچھ کام نہ آئے گی بلکہ صرف نیکی ہی باقی رہے گی۔ حاجی فضیل رضا عطاری نے کہا کہ دنیاوی زندگی کیلئے کھانے پینے اور مال کی ضرورت ہے مگر موت کے بعد صرف نیکی ہی کام آئے گی۔ یاد رکھیں آخرت کا سفر دنیا کے سفر کی طرح مال و دولت، کھانے پینے اور سواری سے طے نہیں ہوگا بلکہ اس کیلئے نیکیوں کا زادِ راہ ضروری ہے۔ رکن شوریٰ نے کہا کہ آخرت کی تیاری کیلئے ہمیں کوئی الگ وقت نہیں ملے گا۔ اسی دنیاوی زندگی میں ہمیں اس کی تیاری کرنی ہے۔ روزگار، رزق حلال کے حصول، اہل خانہ کے حقوق کی ادائیگی اور روزمرہ مصروفیات کے ساتھ ساتھ اللہ کی عبادت کیلئے بھی وقت نکالنا ضروری ہے۔ حاجی فضیل رضا عطاری نے عاشقان رسول کو عذاب قبر سے محفوظ رہنے کیلئے روزانہ رات کو سورۃ الملک کی تلاوت کرنے کیساتھ زیادہ سے زیادہ نیک اعمال کرنے کی بھی ترغیب دی۔ اجتماع کے اختتام پر رکن شوریٰ نے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی۔

مزید خبریں