اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے قریب منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران افغان نیشنل اور خواتین سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ 12 کروڑ 36 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 200 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی ہے۔
تعلیمی اداروں کے قریب اہم کارروائیاں بھی کی گئی ہیں جن میں چناب ٹول پلازہ گجرات کے قریب ایک خاتون کے قبضے سے 4.320 کلوگرام ہیروئن اور 400 گرام آئس برآمد ہوئی۔ اٹک کے فاروق اعظم کالونی میں یونیورسٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 600 گرام چرس بھی ضبط کی گئی۔ گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرتے تھے۔
دیگر اہم کارروائیوں میں جناح ایئرپورٹ پر مسافر کے سامان سے 1.990 کلوگرام وزنی اور 13,000 زینیکس گولیاں، کراچی کے طارق روڈ پر کوریئر آفس سے برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل میں 1.620 کلوگرام ہیروئن، لاہور کے عامر ٹاؤن کینال روڈ پر کوریئر آفس سے 990 گرام آئس برآمد ہوئی۔ آئس کو چھوٹے کپڑوں کے ٹکڑوں میں بھگو کر جوتوں کے اگلے اوپری حصے میں چھپایا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن، 7 کارروائیوں میں 6 ملزمان گرفتار
چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں امریکہ سے آنے والے پارسل میں کھلونوں سے 14 گرام ویڈ بھی پکڑا گیا۔ اٹک کے قریب گاڑی سے 2.59 کلوگرام ہیروئن اور 2.1 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جب کہ ہزارہ ایکسپریس وے تھاکوٹ کے قریب 14.400 کلوگرام چرس ضبط کی گئی۔ کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے بھی بڑی مقدار میں ہیروئن، چرس اور آئس برآمد ہوئی۔
کارروائیوں کے بعد انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اے این ایف نے منشیات کی روک تھام اور ملک کو اس وباء سے پاک رکھنے کے لیے کریک ڈاؤن جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔