پیر,  20 اکتوبر 2025ء
کارگو طیارہ رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گرا، دو افراد جانبحق

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ہانگ کانگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک کارگو طیارہ رن وے سے پھسل کر سمندر میں جا گرا۔

حادثے کے نتیجے میں زمینی عملے کے 2 اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ طیارے کے عملے کے چاروں افراد زندہ بچ گئے۔

حکام کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن کی پرواز EK9788، جو دبئی سے ہانگ کانگ پہنچ رہی تھی، مقامی وقت کے مطابق صبح 3:50 پر لینڈنگ کے دوران رن وے سے باہر نکل کر حفاظتی باڑ کو توڑتی ہوئی ایک گشت کرنے والی پیٹرول کار سے ٹکرا گئی۔

طیارے کے 2 ٹکڑے ہو گئے 

متاثرہ طیارہ بوئنگ 747-481 تھا، جو حادثے کے نتیجے میں دو حصوں میں ٹوٹ گیا، جن میں سے ایک حصہ سمندر میں جا گرا۔

عملے کے ارکان طیارے سے نکلنے میں کامیاب رہے۔ وہ ایمرجنسی دروازہ توڑ کر باہر نکلے جس کے بعد انہیں سمندر سے ریسکیو کر لیا گیا۔

مزید پڑھیں: خانہ کعبہ کا محافظ پاکستان!اینکر منصور علی خان نےعوام کے دل جیت لئے، عوامی جذبات کا طوفان

حادثے میں دو سیکیورٹی اہلکار، جن کی عمریں 30 اور 41 سال تھیں، جانبحق ہو گئے۔ ان کی پیٹرول کار طیارے کی ٹکر سے سمندر میں جا گری تھی۔

طیارے کی جانب سے لینڈنگ کے وقت کوئی ہنگامی سگنل (distress signal) نہیں بھیجا گیا تھا۔

ایئرپورٹ کی صورتِ حال

حادثے کے بعد رن وے کا شمالی حصہ فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ اسے محفوظ قرار دیے جانے کے بعد ہی دوبارہ کھولا جائے گا۔

ہانگ کانگ ایئرپورٹ کے دیگر دو رن وے (جنوبی اور مرکزی) فنکشنل ہیں، اور ایئرپورٹ کے مجموعی آپریشنز متاثر نہیں ہوں گے۔

ایئرپورٹ حکام ایمریٹس ایئرلائن کے ساتھ مل کر طیارے کے ملبے کو سمندر سے نکالنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ماہرین سمندر میں سے طیارے کے بلیک باکسز تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پولیس نے اس بات کو رد نہیں کیا کہ واقعے کی تفتیش کے دوران فوجداری پہلوؤں کو بھی مدنظر رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ یہ حادثہ ہانگ کانگ کے موجودہ بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تاریخ میں 1998 کے بعد دوسرا مہلک واقعہ ہے۔

مزید خبریں