اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد، باہمی تعاون اور مذہبی ہم آہنگی وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمِ اسلام کا ایک ذمہ دار اور مضبوط ملک ہے جو ہمیشہ امت مسلمہ کے اتحاد اور عالمی امن کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرتا آیا ہے۔
وہ ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر اور چیئرمین سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع سینیٹر محمد طلحہ محمود کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کر رہے تھے۔ اس تقریب میں اراکینِ پارلیمنٹ، مختلف ممالک کے سفارتکار، اعلیٰ سرکاری افسران، ممتاز کاروباری و سماجی شخصیات اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
ڈاکٹر العیسیٰ نے کہا کہ رابطہ عالم اسلامی دنیا بھر میں اسلام کے امن، رواداری اور اعتدال کے پیغام کو فروغ دینے کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام کسی بھی قسم کی انتہا پسندی اور فرقہ واریت کی اجازت نہیں دیتا بلکہ انسانیت، عدل اور اخوت کا درس دیتا ہے۔
انہوں نے پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور امن کے فروغ کے لیے حکومت کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ امت مسلمہ کو چاہیے کہ وہ اتحاد و یکجہتی کے ساتھ عالمی سطح پر ایک مؤثر اور مثبت آواز بن کر اسلام کے حقیقی پیغام کو دنیا کے سامنے پیش کرے۔
مزیدپڑھیں: طلحہ وحید نے ایک منٹ میں زیادہ ٹینس سروز کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
ڈاکٹر العیسیٰ نے کہا کہ پاکستان کے عوام کا جذبہ ایمانی، قربانی اور یکجہتی پوری امت کے لیے ایک مثال ہے۔ انہوں نے اسلامی ممالک کے درمیان تعلیمی، ثقافتی اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ نوجوان نسل کو انتہا پسندی سے بچا کر تحقیق، ترقی اور مثبت سوچ کی جانب راغب کیا جا سکے۔
اس موقع پر سینیٹر محمد طلحہ محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ عالم اسلام کی ایک باوقار اور مدبر شخصیت ہمارے درمیان موجود ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ان شاء اللہ ڈاکٹر محمد بن عبد الکریم العیسیٰ کے آئندہ دورۂ پاکستان کے موقع پر انہیں حکومت پاکستان کی جانب سے تمغۂ امتیاز دیا جائے گا، جو عوام کی طرف سے ان کے لیے محبت اور خراجِ تحسین ہوگا۔
سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ پاکستان رابطہ عالم اسلامی کے مشن، یعنی امن، رواداری اور اتحادِ امت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہر سطح پر اس کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ہمیشہ اسلامی دنیا کے لیے سعودی عرب کے مثبت کردار کو سراہا ہے اور آج بھی پاکستانی قوم سعودی عرب سے محبت اور عقیدت رکھتی ہے۔
تقریب کے اختتام پر سینیٹر طلحہ محمود نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔