اتوار,  19 اکتوبر 2025ء
پاکستان ٹیپ بال کونسل کے زیر اہتمام انٹر یونیورسٹی چیمپئن شپ کا شاندار انعقاد، پنجاب یونیورسٹی فاتح قرار

 

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): پاکستان ٹیپ بال کونسل کے زیر اہتمام ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی انٹر یونیورسٹی ٹیپ بال چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد ہوا، جس میں ملک بھر کی 20 سے زائد جامعات کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ اس شاندار ایونٹ کے فائنل میں پنجاب یونیورسٹی نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپئن کا تاج اپنے سر سجایا، جبکہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET) دوسرے نمبر پر رہی۔

فائنل تقریب کے چیف گیسٹ محمد راشد، انٹرنیشنل ٹیپ بال ایڈوائزری بورڈ کے ممبر تھے، جبکہ سیکرٹری جنرل پاکستان ٹیپ بال کونسل محمد اشتیاق کیانی، کومسیٹس یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر، اور پنجاب یونیورسٹی کے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین ظفر اقبال بٹ نے بھی مہمانانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ اس ایونٹ کو کامیاب بنانے میں کومسیٹس یونیورسٹی لاہور کے ڈائریکٹر جنرل محمد ریحان کا کلیدی کردار رہا۔

تقریب کے دوران چیئرمین انٹرنیشنل ٹیپ بال کونسل عامر صدیقی نے امریکا سے ایک خصوصی پیغام میں ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اب یونیورسٹی سطح پر اس کھیل کو باقاعدہ طور پر عالمی معیار کے مطابق لایا جا چکا ہے، اور آئندہ مرحلے میں خواتین کی انٹر یونیورسٹی چیمپئن شپ بھی کروائی جائے گی جس کی ذمہ داری محمد ریحان کو دی جائے گی۔

چیف گیسٹ محمد راشد نے اپنی تقریر میں کہا کہ ہم صرف بچوں کو ایونٹس تک محدود نہیں رکھیں گے بلکہ انہیں روزگار کے مواقع بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ چُنے گئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو روڈرز انکلیو ہاؤسنگ سوسائٹی میں گھر بیٹھے ملازمتیں فراہم کی جائیں گی اور مکمل سیلری بھی دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک نوجوانوں کو مالی و سماجی سہولیات نہیں دی جاتیں، وہ کھیل میں ترقی نہیں کر سکتے۔

پنجاب یونیورسٹی کی جیت پر چیئرمین اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ ظفر اقبال بٹ نے پوری ٹیم کے ہمراہ ٹرافی وصول کی اور اپنی تقریر میں وائس چانسلر کومسیٹس یونیورسٹی، محمد راشد، محمد اشتیاق کیانی اور محمد ریحان کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے اتنا بڑا ایونٹ ممکن بنایا۔

سیکرٹری جنرل پاکستان ٹیپ بال کونسل محمد اشتیاق کیانی نے کہا کہ “ہم نے بہت سوچ سمجھ کر محمد ریحان صاحب کو یہ ٹاسک سونپا تھا، اور آج انہوں نے اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے ایک مثالی چیمپئن شپ کا انعقاد کیا، جس میں ملک بھر کی یونیورسٹیوں کی شرکت نے ٹیپ بال کو ایک نیا مقام عطا کیا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ اگلے مرحلے میں خواتین کی انٹر یونیورسٹی ٹیپ بال چیمپئن شپ کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا تاکہ کھیل میں صنفی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔

مزید خبریں