اتوار,  19 اکتوبر 2025ء
نیاب میں IAEA کے زیر اہتمام علاقائی تربیتی کورس کی اختتامی تقریب

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن (PAEC) کے تحت نیوکلئیر انسٹی ٹیوٹ فار ایگریکلچر اینڈ بایولوجی (نیاب) میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے تعاون سے منعقدہ علاقائی تربیتی کورس اپنی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔

یہ تربیتی کورس 6 اکتوبر سے 19 اکتوبر 2025 تک جاری رہا، جس کا عنوان تھا: “غذائی معیار کی بہتری کے لیے جدید میوٹیشن بریڈنگ تکنیکیں”۔ یہ پروگرام IAEA کے تکنیکی تعاون کے منصوبے RAS5101 کے تحت ترتیب دیا گیا، جس میں 14 ایشیائی و بحرالکاہلی ممالک کے 30 سے زائد ماہرین اور سائنسدانوں نے شرکت کی۔ ان ممالک میں بنگلہ دیش، چین، انڈونیشیا، نیپال، سری لنکا، ویتنام، اور دیگر شامل تھے، جب کہ پاکستان کی بھی بھرپور نمائندگی کی گئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی، پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف سلیم (ڈائریکٹر جنرل، ایگریکلچر و بایوٹیکنالوجی، PAEC) نے کورس کی کامیاب تکمیل پر IAEA، نیاب اور تمام شرکاء کو مبارکباد دی۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، پانی و خوراک کی قلت، آلودگی اور نئے زرعی چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے “میوٹیشن بریڈنگ” کو ان مسائل کا مؤثر حل قرار دیا۔

ڈاکٹر یوسف سلیم نے بتایا کہ پاکستان Codex Alimentarius Commission کا سرگرم رکن ہے، اور خوراک، ادویات اور حیاتیاتی تنوع کے شعبوں میں مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تحقیق میں نئی جہتوں کو اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان، IAEA کے تحت تمام رکن ممالک سے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔

ڈاکٹر عظمیٰ مقبول (ڈائریکٹر، نیاب) نے کورس کو علم و مہارت کے تبادلے کا بہترین موقع قرار دیا اور کہا کہ پاکستان اور IAEA کے درمیان زراعت کے میدان میں طویل اور نتیجہ خیز شراکت داری نے اب علاقائی سطح پر بھی نمایاں فوائد دینا شروع کر دیے ہیں۔

ڈاکٹر ضیاء القمر (کورس ڈائریکٹر، نیاب) نے کورس کے انعقاد میں تعاون پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اُمید ظاہر کی کہ یہ تربیت ان کے پیشہ ورانہ سفر میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔

IAEA کے چینی ماہر ڈاکٹر کائی وانگ نے پاکستان کے تکنیکی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیاب خطے میں زرعی صلاحیت بڑھانے کے لیے نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔

کورس کے دوران شرکاء نے انٹرایکٹو سیشنز، لیبارٹری مشقوں اور فیلڈ وزٹس میں حصہ لیا۔ نیاب، جو کہ IAEA کا نامزد “کولیبارٹنگ سینٹر” ہے، نیوکلیئر ٹیکنالوجی کے ذریعے فصلوں کی بہتری، مٹی کے انتظام، اور غذائی تحفظ کے فروغ میں سرگرمِ عمل ہے۔

یہ 2025 کے دوران نیاب میں منعقد ہونے والا تیسرا علاقائی تربیتی کورس تھا، جو حکومتِ پاکستان اور PAEC کی مشترکہ کاوشوں کا عملی مظہر ہے۔

مزید خبریں