اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاک فضائیہ کا ایک خصوصی دستہ جدید جے ایف-17 تھنڈر بلاک-III لڑاکا طیاروں کے ہمراہ آذربائیجان پہنچ گیا ہے، جہاں وہ دو طرفہ فضائی مشق “انڈس شیلڈ الفا” میں حصہ لے رہا ہے۔
مشق کا مقصد دونوں ممالک کی فضائی افواج کے درمیان باہمی ہم آہنگی، عسکری تعاون اور جدید فضائی حربی مہارتوں کا تبادلہ ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دوطرفہ مشق کا بنیادی مقصد دونوں فضائی افواج کے درمیان ہم آہنگی، فضائی حربوں اور آپریشنز کو فروغ دینا ہے۔
مزید پڑھیں: چین کا جدید J-35 طیارہ ائیرکرافٹ کیریئر سے اڑان بھرنے والا دنیا کا دوسرا اسٹیلتھ طیارہ بن گیا
اس دوران پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے ایک غیر معمولی کارنامے کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے آذربائیجان تک نان اسٹاپ پرواز کی۔
اس دوران فضا میں کامیاب ایئر ٹو ایئر ری فیولنگ کا مظاہرہ بھی کیا گیا، جو پی اے ایف کے IL-78 ایریل ٹینکر کی مدد سے مکمل کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے جے ایف-17 طیاروں کی طویل فاصلے تک پہنچنے کی پیشہ ورانہ مہارت نمایاں ہوئی۔
بیان میں کہا گیا کہ مشق کے دوران دونوں ممالک کی افواج جدید ٹیکنالوجی اور تیزی سے بدلتے ہوئے فضائی جنگی تقاضوں کے تناظر میں تجربات کا تبادلہ کریں گی۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ یہ مشق دونوں ممالک کو دفاعی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
انڈس شیلڈ الفا میں شرکت پاک فضائیہ کے استحکام اور عالمی عسکری تعاون ہم قدم رہنے کے عزم کی عکاس ہے۔
واضح رہے کہ جولائی 2025 میں برطانیہ میں منعقدہ رائل انٹرنیشنل ایئر ٹیٹو (RIAT) میں بھی پاک فضائیہ نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
جے ایف-17 بلاک-III کو “Spirit of the Meet Trophy” سے نوازا گیا، جبکہ سی-130 ایچ ہرکولیس نے “Concours d’Elegance Trophy” اپنے نام کی۔