ریاض (وقار نسیم وامق) انجمن محبانِ رحمة للعالمین ﷺ کے زیرِ اہتمام ریاض میں ایک پرُوقار سیرت النبی ﷺ سیمینار منعقد ہوا جس میں سفارت خانہ پاکستان کے افسران، علم و ادب و صحافت اور سماجی خدمات سے وابستہ شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب کی صدارت ممتاز عالمِ دین مولانا عبدالمالک مجاہد نے کی، جنہوں نے اپنے خصوصی خطاب میں حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو آج کے دور کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات امن، محبت، انصاف اور انسانی خدمت کا کامل پیغام ہیں، جن پر عمل کر کے ہم دنیا و آخرت کی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
سیمینار کے مہمانانِ خصوصی میں رائے نجم نواز ثاقب (ویلفیئر اتاشی، سفارتخانہ پاکستان)، ڈاکٹر اویس محمود، ڈاکٹر حافظ عمران اور سید تاج احمد (صدر پیغام کلب) شامل تھے۔
تقریب میں عمر فاروق کیلانی، حافظ عبدالحی، قاضی اسحاق میمن سمیت متعدد معزز شخصیات نے شرکت کی، جبکہ انجینئر سلمان راشد، حنیف بابر، عبدالغفار مجاہد، غازی اسامہ عباس، عدنان الطاف، حافظ سعد ماجد، عکاشہ مجاہد، عبداللہ اقبال اور حافظ اقبال راشد کی خصوصی موجودگی نے تقریب کو مزید مؤثر بنایا۔
نبی کریم ﷺ کی ذاتِ اقدس کے مختلف پہلوؤں پر خطاب کیا گیا اور امتِ مسلمہ کے اتحاد، استحکام اور امنِ عالم کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔