کابل(روشن پاکستان نیوز) افغانستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی سیریز سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ہے۔
افغان کرکٹ بورڈ بھی بھارتی کرکٹ بورڈ کے نقش قدم پر چل پڑا ہے۔پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کی وجہ سے افغان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ساتھ میچز منسوخ کر دیے ہیں۔
نومبرمیں ہونے والی ٹرائی نیشن سیریز میں پاکستان، افغانستان اور سری لنکا کو شرکت کرنا تھی۔ یاد رہے کہ سہ ملکی سیریز 17 نومبر تا 29 نومبر راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جانے تھی۔
سہ ملکی سیریز کا پہلا میچ 17 نومبر کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان راولپنڈی میں شیڈول تھا، راولپنڈی میں ہی 19 نومبر کو سری لنکا اور افغانستان کے درمیان میچ کھیلا جانا تھا، سہ ملکی سیریز کے باقی پانچ میچز لاہور میں کھیلے جانے تھے جبکہ فائنل 29 نومبر قذافی سٹیڈیم لاہور میں شیڈول تھا۔
مزید پڑھیں: پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ نے بھارتی کرکٹ لیگ کی 10 ملین ڈالر کی پیشکش ٹھکرا دی
واضح رہے کہ سری لنکا کی ٹیم نے نومبر میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے،11 نومبر سے 15 نومبر تک دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے سہ ملکی سیریز میں شرکت سے انکار کرنے پر اب پاکستان اور سری لنکا کے درمیان باہمی ٹی ٹوئنٹی سیریز ہونے کا امکان ہے، اس بارے میں حتمی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کرے گا۔