اتوار,  19 اکتوبر 2025ء
ایر لنگس کے کیبن عملے کی ہڑتال سے مانچسٹر ایئرپورٹ پر سفری مشکلات کا خدشہ

لیڈز (روشن پاکستان نیوز) ایر لنگس (Aer Lingus) ایئرلائن کے کیبن عملے کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کے تنازعے پر ہڑتال کے اعلان کے بعد مانچسٹر ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے مسافروں کو رواں ماہ کے آخر میں شدید سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یونائٹ دی یونین (Unite the Union) کے مطابق، 130 سے زائد کیبن کریو نے کمپنی کی جانب سے پیش کردہ 9 فیصد سالانہ اور آئندہ سال کے لیے 3 فیصد اضافے کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے ہڑتال کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

مزید پڑھیں: مانچسٹر میں یہودی عبادت گاہ حملے میں جاں بحق میلوِن کریوٹز کی آخری رسومات میں سینکڑوں افراد کی شرکت

یونین کا مؤقف ہے کہ اگرچہ تنخواہوں میں مجوزہ اضافہ بظاہر مناسب دکھائی دیتا ہے، لیکن موجودہ بنیادی تنخواہیں اتنی کم ہیں کہ عملے کو رہائش، بلوں اور روزمرہ اخراجات پورے کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کئی ملازمین نے اپنی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے اضافی نوکریاں یا اوور ٹائم کام اختیار کر رکھا ہے۔

ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو خبردار کیا ہے کہ ہڑتال کے باعث پروازوں میں تاخیر یا منسوخی کا امکان ہے، اس لیے مسافر اپنے سفر سے قبل تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں۔

مزید خبریں