جمعرات,  16 اکتوبر 2025ء
آر آئی یو جے کا اظہار تعزیت: اسماء نواز، وسیم احمد اور عباس نقوی کے اہل خانہ سے گہرے دکھ کا اظہار

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے صدر طارق علی ورک، جنرل سیکرٹری آصف بشیر چوہدری، سیکرٹری فنانس ندیم چوہدری اور دیگر عہدیداران نے اپنے تین سینئر ارکان کے اہل خانہ کے ساتھ ہونے والے سانحات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یونین کی ایگزیکٹو ممبر اسماء نواز کی والدہ محترمہ رضائے الٰہی سے وفات پا گئیں، جنہیں ان کے آبائی قبرستان، گجرات میں سپرد خاک کیا گیا۔ نماز جنازہ میں صحافی برادری، سیاسی و سماجی رہنماؤں، سول سوسائٹی اور علاقے کی عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آر آئی یو جے کے صدر اور دیگر عہدیداران نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

اسی طرح، ابتک نیوز کے چیف کیمرہ مین وسیم احمد کی اہلیہ بھی انتقال کر گئیں۔ نماز جنازہ علی آباد میں عصر کے بعد ادا کی گئی۔ یونین کے عہدیداران نے وسیم احمد سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

مزید پڑھیں: نیشنل پریس کلب کے سابق ممبر گورننگ باڈی سید محمد عباس نقوی انتقال کر گئے

ادھر سینئر صحافی سید محمد عباس نقوی بھی وفات پا گئے۔ ان کی نماز جنازہ بروز جمعرات، بعد از نماز ظہر، امام بارگاہ امام صادق (ع)، جی نائن/ٹو اسلام آباد میں ادا کی گئی، جب کہ تدفین ایچ-الیون قبرستان میں عمل میں آئی۔ آر آئی یو جے کی قیادت نے ان کے انتقال پر بھی دلی افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا۔

راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے تینوں خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری صحافتی برادری ان کے ساتھ ہے، اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کو مغفرت اور لواحقین کو صبر عطا فرمائے۔

مزید خبریں