بدھ,  15 اکتوبر 2025ء
مجھے پیرول پر رہا کریں، افغانستان کا معاملہ امن سے حل کروں گا، عمران خان

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اگرانہیں پیرول پر رہا کیا جائے تو وہ افغانستان کے تنازعے کو امن کے ذریعے حل کرنے میں کردارادا کرنے کو تیار ہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہرمیڈیا سے گفتگو میں عمران خان کی بہن نورین خان نے ان کا پیغام میڈیا تک پہنچایا، انکے مطابق عمران خان نے کہا کہ مذہبی جماعت کے واقعے پرانہیں افسوس اورتکلیف ہے۔

انہوں نے اداروں سے مطالبہ کیا کہ 9 مئی سمیت چارمختلف واقعات کی تحقیقات کے لیے ایک غیر جانب دار جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں، جمعے کوخیبرپختونخوا میں پُرامن احتجاج کیا جائے۔

مزید پڑھیں: عمران خان لوگوں کو ٹشو پیپرکی طرح استعمال کرتے ہیں، یہی علی امین کے ساتھ ہوا، طارق فضل چوہدری

افغانستان سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارا ہمسایہ ملک 45 برس سے جنگ کی لپیٹ میں ہے اوروہاں کے حالات ہم پربھی اثراندازہو رہے ہیں۔

انہوں نے افغان مہاجرین کی جبری واپسی پرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ تین نسلوں سے پاکستان میں رہ رہے تھے، انہیں اچانک نکالنے سے ان کے دلوں میں رنج پیدا ہوگا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اورافغانستان کے درمیان جاری تنازعات کو حل کرنے کے لیے سیاستدانوں کو آگے آنا ہوگا اوراگرانہیں موقع دیا جائے تو وہ اس معاملے کو پُرامن طریقے سے سلجھانے میں کردار ادا کریں گے۔

مزید خبریں