راولپنڈی (عرفان حیدر) — پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنے اور شہر کو خوبصورت و سرسبز بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔
ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر اولڈ ایئرپورٹ وی آئی پی روڈ کی گرین بیلٹس پر شاندار ہارٹیکلچر ورک مکمل کر لیا گیا ہے، جہاں رنگ برنگے پھولوں اور سرسبز مناظر نے گرین بیلٹس کو دلکش شکل دے دی ہے۔ ان مناظر نے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا ہے بلکہ شہریوں کو تازگی کا احساس بھی دلایا ہے۔
اولڈ ایئرپورٹ روڈ کی گرین بیلٹس اس وقت شہریوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ ڈی جی پی ایچ اے کی ہدایت پر شہر بھر میں گرین اسپیسز کو بہتر بنانے اور شہریوں کو صاف و صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: شہریوں کو معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے،ڈی جی پی ایچ اے راولپنڈی
پی ایچ اے کا عملہ بھی بھرپور محنت سے پھولوں، پودوں اور درختوں کی دیکھ بھال میں مصروف ہے تاکہ ہر پارک اور گرین بیلٹ قدرتی حسن کا مظہر بنے۔
ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا نے اپنے بیان میں کہا کہ راولپنڈی کو پنجاب کا سب سے خوبصورت اور سرسبز شہر بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو خوشگوار اور صحت مند تفریحی ماحول فراہم کرنا پی ایچ اے کی اولین ترجیح ہے، اور اس مشن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔