اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) سینئر صحافی افضل بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت کے قیام کے حوالے سے آج ایوان صدر میں ہونے والے اہم اجلاس سے قبل ہی انہوں نے جیو نیوز پر خبر بریک کی تھی کہ “غالب امکان ہے کہ صدر آصف علی زرداری تمام اراکین کی آراء سننے کے باوجود کوئی حتمی اعلان نہیں کریں گے” — اور ان کی یہ پیش گوئی درست ثابت ہوئی۔
پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کو آج رات صدر آصف علی زرداری نے ایوان صدر اسلام آباد طلب کیا تھا۔ اجلاس رات ساڑھے 10 بجے منعقد ہوا، جس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چودھری یاسین اور دیگر اہم رہنما شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر حکومت کا حصہ رہنے یا حکومت سے علیحدگی سے متعلق اہم مشاورت کی گئی، تاہم کوئی حتمی اعلان نہ ہو سکا۔ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی جانب سے حکومت سے علیحدگی کی تجویز دی گئی تھی، جس پر کراچی میں دو روز قبل ہونے والے اجلاس میں فریال تالپور سے تفصیلی مشاورت کی گئی تھی۔ پارٹی قیادت نے اس معاملے پر فیصلہ کرنے کا اختیار صدر زرداری کو سونپ دیا تھا۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات مظہر سعید نے استعفیٰ دیدیا
ایوان صدر میں منعقدہ اجلاس میں آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، آئندہ کی حکمت عملی اور وفاقی حکومت سے روابط پر غور کیا گیا۔ راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ نے ایکشن کمیٹی سے ہونے والے مذاکرات پر صدر کو بریفنگ دی۔
اجلاس میں سردار یعقوب، لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور، میاں عبدالوحید، بازل نقوی سمیت تمام ارکان اسمبلی شریک ہوئے۔
تاہم تاحال پیپلز پارٹی کی جانب سے آزاد کشمیر میں حکومت سازی یا حکومت سے علیحدگی کے حوالے سے کوئی حتمی اعلان سامنے نہیں آیا، جس کے باعث سیاسی حلقوں میں بے یقینی برقرار ہے۔