اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) بحرِ اوقیانوس میں بھورے رنگ کی سمندری گھاس تیزی سے پھیل رہی ہے، جو اب خلا سے بھی دیکھی جا سکتی ہے، یہ گھاس ایک بہت بڑی پٹی کی شکل میں ہے، جو تقریباً نو ہزار کلومیٹر لمبی اور تین کروڑ پچھتّر لاکھ ٹن وزنی ہے۔
یہ گھاس پہلے صرف سارگاسو سمندر میں پائی جاتی تھی، لیکن اب سمندروں میں کھاد، فضلہ اور آلودگی بڑھنے کی وجہ سے یہ بہت تیزی سے پھیل رہی ہے، یہ پٹی اب افریقہ کے ساحل سے لے کر امریکہ کے ساحلوں تک جا پہنچی ہے۔
مزید پڑھیں: سمندری طوفان ’’راگاسا‘‘ فلپائن سے ٹکرا گیا، چین اورہانگ کانگ میں بھی ہنگامی صورتحال
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ بحرِ اوقیانوس کی یہ گھاس کچھ مچھلیوں اور سمندری جانوروں کے لیے فائدہ مند ہے، مگر اس کی بہت زیادہ مقدار سمندر کے ماحول اور ساحلی علاقوں کے لیے نقصان دہ ہے، اس سے بدبو پھیلتی ہے، آکسیجن کم ہو جاتی ہے، اور مچھلیاں مرنے لگتی ہیں۔
سائنس دانوں کے مطابق سمندر کے درجہ حرارت میں اضافہ اور کھادوں میں موجود کیمیکل مادے اس گھاس کے تیزی سے بڑھنے کی بڑی وجہ ہیں، اگر اس پر قابو نہ پایا گیا تو یہ گھاس ساحلی شہروں اور سمندری زندگی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔