اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ٹیکنالوجی ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ اپنے اسمارٹ فون کی بیٹری کو صفر فیصد ہونے سے پہلے چارج کرنا بہتر ہے، کیونکہ مکمل طور پر خالی بیٹری چارج سائیکل کو متاثر کرتی ہے اور فون کی عمر کم کر دیتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اسمارٹ فونز میں عام طور پر لیتھیئم آئن یا لیتھیئم پولیمر بیٹریاں استعمال ہوتی ہیں، جو 0 فیصد تک جانے یا 100 فیصد پر زیادہ دیر رہنے سے نقصان اٹھاتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ بیٹری کو ہمیشہ 20 فیصد سے 80 فیصد کے درمیان رکھنا سب سے بہتر ہے۔اگر بیٹری 30 سے 40 فیصد رہ جائے تو چارج لگا لینا چاہیے اور 80 سے 90 فیصد ہونے پر فوراً چارجر اتار لینا چاہیے۔
مزید بتایا گیا کہ فون کو رات بھر چارج پر لگے رہنے سے گریز کیا جائے، کیونکہ مکمل چارج پر زیادہ دیر رہنے سے بیٹری کے اندر کیمیائی توازن متاثر ہوتا ہے اور حرارت بڑھنے سے سیلز مستقل نقصان پہنچاتے ہیں۔
ٹیکنالوجی ماہرین نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ اگر رات بھر چارج کرنا ضروری ہو تو فون میں موجود ”Optimized Charging فیچر کو فعال کر لیا جائے، جو آئی فون، سام سنگ اور گوگل پکسل سمیت متعدد جدید فونز میں دستیاب ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری جنگ کو ختم کرانے کی کوشش کروں گا: ٹرمپ
آخر میں ماہرین نے خبردار کیا کہ گرم ماحول میں فون چارج کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، اس سے نہ صرف بیٹری کی کارکردگی کم ہوتی ہے بلکہ فون کے سیفٹی سسٹمز بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔