راولپنڈی(عرفان حیدر) جڑواں شہروں کی بندش کے باعث راولپنڈی ٹریفک پولیس نے نیا ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے تاکہ ٹریفک کے مسائل کو کم کیا جا سکے۔
فیض آباد تیسرے روز بھی مکمل طور پر بند ہے، جس سے شہریوں کو خاصی مشکلات کا سامنا ہے۔ راولپنڈی کے 43 اہم مقامات میں سے 6 مکمل بند ہیں جبکہ 35 مقامات کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔
ڈھوک کالا خان، ڈبل روڈ، سکس روڈ، چاندنی چوک، وارث خان اور کمیٹی چوک کو کھول دیا گیا ہے تاکہ آمد و رفت کو سہولت دی جا سکے۔ اسی طرح لیاقت باغ، صدر، ایم ایچ چوک، کلمہ چوک، رحیم آباد اور فتح جنگ انٹرچینج بھی جزوی طور پر کھول دیے گئے ہیں۔
کرال چوک، مندرہ ٹول پلازہ، چکوال روڈ، دولتالہ اور گجرخان کو بھی جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: سیاحوں کے لئے خوشخبری، پانچ ماہ بعد ناران کے راستے کھل گئے
پشاور اور لاہور موٹروے کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے جبکہ لاہور سے ملتان، اسلام آباد اور سیالکوٹ جانے والی موٹروے پر بھی آمد و رفت بحال ہو گئی ہے۔ موٹروے کھلنے سے شہریوں کو شہروں کے درمیان سفر میں کافی سہولت میسر ہو گی۔
تاہم، مارچ کی وجہ سے جی ٹی روڈ اب بھی ٹریفک کے لیے بند ہے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
راولپنڈی ٹریفک پولیس شہریوں سے اپیل کر رہی ہے کہ وہ جاری صورتحال کے پیش نظر صبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔