جمعرات,  09 اکتوبر 2025ء
راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ، تمام اجتماعات اور مظاہروں پر پابندی
راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ، تمام اجتماعات اور مظاہروں پر پابندی

راولپنڈی (سعد عباسی)  راولپنڈی میں ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی (DIC) کی رپورٹ پر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس حکم کے تحت تمام قسم کی اسمبلیز، اجتماعات، جلسے، ریلیاں، جلوس، دھرنے اور اس نوعیت کی دیگر سرگرمیاں جن میں پانچ یا اس سے زائد افراد شامل ہوں، ممنوع قرار دے دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ یہ پابندیاں 8 اکتوبر سے نافذ العمل ہوں گی اور 11 اکتوبر تک جاری رہیں گی۔ اس دوران ہتھیاروں، پتھروں، پٹرول بموں اور دیگر خطرناک اشیاء کے ساتھ اکٹھے ہونے پر بھی پابندی ہوگی۔ اسی طرح بلند آواز سے سپیکر کے استعمال، پیلین رائیڈنگ اور نفرت انگیز تقاریر پر بھی پابندی عائد ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں بھی دفعہ 144 نافذ

ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس حکم کو سرکاری گزٹ اور مقامی اخبارات میں شائع کیا جائے گا اور متعلقہ دفاتر، پولیس اسٹیشنز، عدالتوں اور عوامی مقامات پر بھی نوٹس آویزاں کیے جائیں گے۔

مزید خبریں