اسلام آباد(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 231 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر لیں جن کی مالیت 40 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق چھ مختلف کارروائیاں کی گئیں جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، جامشورو اور موٹروے ٹول پلازہ پر کارروائیاں شامل ہیں۔
کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل میں واقع کوریئر آفس پر چھاپہ مار کر آسٹریلیا بھیجے جانے والے ایک پارسل سے کارپٹ کی پٹیوں میں جذب کی گئی 2.7 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے کارگو شیڈ میں امریکا سے آئے ایک پارسل کی چیکنگ کے دوران 2 کلوگرام ویڈ (منشیات) برآمد ہوئی۔
اسلام آباد میں چونگی نمبر 26 کے قریب ایک گاڑی سے 3.6 کلوگرام چرس اور 1.2 کلوگرام افیون برآمد کی گئی جبکہ موقع پر موجود ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
مزید پڑھیں: اے این ایف نے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ گروہ کا بھرپور خاتمہ کر دیا، حاجی طارق خان گروہ گرفتار
راولپنڈی کے علاقے بحریہ ٹاؤن کے قریب ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران 25 گرام کوکین اور 279 گرام وزنی 500 عدد سائیکوٹراپک گولیاں برآمد ہوئیں، اس کارروائی میں دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد پر ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 1.2 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔
سب سے بڑی کارروائی جامشورو میں پٹارو ٹول پلازہ کے قریب کی گئی جہاں ایک گاڑی سے 220 کلوگرام بھنگ برآمد کی گئی، ملزم موقع پر گرفتار ہوا۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیاں انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت کی گئیں اور ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔