جمعرات,  09 اکتوبر 2025ء
سکیورٹی فورسز کا اورکزئی میں آپریشن، مقابلے میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 11 جوان شہید

کرّم (روشن پاکستان نیوز) وسطی کرّم کے علاقے میں 7 اکتوبر کو دہشتگرد تنظیم “فتنہ الخوارج” ٹی ٹی پی کے حملے میں پاکستانی فوج کے 11 اہلکار شہید اور 3 زخمی ہو گئے، سیکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق دہشتگردوں نے ڈوگر کے علاقے میں واقع جوگی ملٹری فورٹ کو نشانہ بنایا، جس کے بعد امدادی قافلہ بھی گھات لگا کر حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں شہید ہونے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل راجہ جنید طارق، میجر طیب، نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک گل امیر، نائیک عادل، لانس نائیک ارشاد، لانس نائیک طالش فراز، لانس نائیک شیر خان، سپاہی زاہد، سپاہی طفیل، اور سپاہی عاقف شامل ہیں۔

زخمیوں میں نائب صوبیدار رئیس، سپاہی وقار، اور سپاہی سمیع اللہ شامل ہیں جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ حملہ ایک منظم اور کثیر الجہتی کارروائی تھی۔ جوابی کارروائی میں فورسز نے دو طالبان کمانڈروں کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک اہم دہشتگرد، شاہین، بھی شامل ہے جبکہ چھ دیگر شدت پسند زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں: ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 13 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک

فوجی آپریشنز اب بھی جمال میلہ کے علاقے میں جاری ہیں جہاں فرنٹیئر کور کی ذیلی فورس اورکزئی اسکاؤٹس علاقے کا کنٹرول سنبھالے ہوئے ہیں اور دہشتگردوں کے خلاف سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر اور حکومت کی جانب سے تاحال حملے اور جانی نقصان پر باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

مزید خبریں