اسلام آباد (عرفان حیدر) پاکستان میں تعینات امریکہ کی قائم مقام سفیر نیٹلی ای بیکر نے منگل کے روز وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے جناب بلال اظہر کیانی سے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، معاشی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی میکرو اکنامک ترقی، موجودہ اقتصادی صورتحال، اور پاکستان و امریکہ کے درمیان جاری شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی بات چیت کی۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے امریکی سفیر کو وزیر اعظم شہباز شریف کے معاشی استحکام و ترقی کے وژن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحات اور ان پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی تفصیلات فراہم کیں۔
مزید پڑھیں: امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا، ٹرمپ کا اعلان
نیٹلی بیکر نے پاکستان میں اقتصادی اصلاحات اور مختلف شعبوں میں امریکی تعاون کو سراہتے ہوئے تجارت سمیت باہمی شراکت داری کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی روابط کو فروغ دینے اور دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔