اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) وفاقی دارالحکومت کے علاقے گولڑہ موڑ چوک میں ڈکیتی کے دوران ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے والے نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق مقتول نوجوان امین ایک نجی بینک (اسلامک بینک) کے اے ٹی ایم سے رقم نکال رہا تھا کہ اس دوران دو موٹر سائیکل سوار ڈاکو وہاں پہنچے اور رقم چھیننے کی کوشش کی۔ نوجوان کی جانب سے مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جب کہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
مزید پڑھیں: جسٹس طارق جہانگیری کو کام سے روکنے کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم معطل
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، ایس ایچ او تھانہ نون اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے اور جلد ہی انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے، جب کہ شہریوں نے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔