اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) آل پاکستان تنظیم تاجران کے صدر کاشف چوہدری نےمطالبہ کیا ہے کہ نشاط سینما کی پراپرٹی پر ناجائز اور غیر قانونی قبضہ مافیاء کیخلاف فوری کاروائی کی جائے،حکم امتناعی کےعدالتی فیصلے پر عمل کرتے ہوئے متعلقہ پراپرٹی کو فیصلے آنے تک فوری طور سیل کرکےدونوں پارٹیوں سےخالی کرایا جائے،جعلی کاغذات کا فرانزک کروایا جائے اور ملوث اہلکاروں کیخلاف سخت ترین قانونی کاروائی کی جائے، کاشف چوہدری نے ان خیالات کا اظہار نشاط سینما کی پراپرٹی کے مالکان بیرسٹر لقمان باجوڑی ، حاجی دلاور خان اور جدی پشتی مالکان بلال صادق ، محسن صادق ،شیئر ہولڈر نشاط سینما آمنہ بانو ایڈوکیٹ سپریم کورٹ اور باجوڑ سے تعلق رکھنے والے راولپنڈی کےتاجروں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر نشاط سینما مالکان بیرسٹر لقمان باجوڑی نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ شہر کے وسط راجہ بازار کے قریب واقع نشاط سینماء پر قبضہ مافیا کے قبضے کو دو سال ہوگئے اور پچھلے تین ماہ میں دوسری بار تھوڑ پھوڑ کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی کے نگرانی میں توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں، کمشنر راولپنڈی بدنام زمانہ قبضہ مافیاء ملک عارف کی زیر قیادت زمینوں پر قبضہ کرنے والے مافیا ءکی کھلم کھلا حمایت کر رہے ہیں،ملک عارف صرف ایک عام قبضہ گر نہیں ہے بلکہ وہ ایک طویل مجرمانہ تاریخ کے ساتھ ایک عادی قبضہ مافیا ہے۔ اس کے خلاف 25 ایف آئی آر درج ہیں، 2018 میں راولپنڈی کے آر پی او کے حکم پر سی پی او راولپنڈی ہونے والی انکوائری میں ملک عارف کو ایک نوسر باز اور فراڈی شخص قرار دیاگیا، اب ایک ایسے فراڈی شخص کے ساتھ پورا نظام کمشنر ، پولیس سبھی کھڑے ہیں اور معزز تاجروں کو تنگ کررہے ہیں۔ خاص طور پر راجہ بازار اور راولپنڈی کے دیگر قیمتی علاقوں میں اہم تجارتی اراضی پر قبضہ کرنا اس کے سرکردہ جرائم میں سے ہیں،ملک عارف کو نیب پشاور نے بھی سزا دی ہے اور کرپشن اور زمینوں پر ناجائز قبضے کے الزام میں ڈھائی سال جیل میں گزار چکے ہیں، اس کے باوجود کمشنر راولپنڈی ان کی بے جا حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں، جس سے وہ ہمارے شہر میں آزادانہ اور غیر قانونی طور پر کام کررہا ہیں۔انہوں نے کہا کہ نشاط سینما کے لیے دو سال قبل ملک عارف نے جس پی ٹی ڈی کی پاور آف اٹارنی بنائی تھی وہ سپریم کورٹ تک کینسل ہوچکی ہے ، اس آرڈر کو چینلج بھی کیا گیا پھر بھی اس کو سپریم کورٹ تک برقرار رکھا گیا کہ یہ پی ٹی ڈی جعلی ہے ۔ مگر اسی جعلی پی ڈی کو کمشنر راولپنڈی عامر خٹک نے اصلی جبکہ ہماری سپریم کو/رٹ تک کے کلیئر پی ٹی ڈی کو جعلی قرار دیا ، ہمارے پاس نشاط سینما کی اصل پی ڈی ٹی اور سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی موجود ہے۔ اس آرڈر کو ہم نے چیلنج کردیا مگر اس دوران ملک عارف نے کمشنر کے ساتھ ملکر اس جعلی پی ٹی ڈی پر 2 کنال کی خالی پلاٹ کی رہائشی رجسٹری کروالی۔ حالانکہ ہماری پراپرٹری نشاط سینما کمرشل جگہ ہے اور تین کنال سات مرلے پر مشتمل ہے،پولیس شہداء فاونڈیشن کے نام سے ایک سوسائٹی بنائی جس میں بہت زیادہ خرد برد ہوئی جس پر آر ڈی اے راولپنڈی نے دسمبر 2023 اس کے خلاف ایک ایف آئی آر (نمبر 437/23 تھانہ چونترہ ضلع راولپنڈی) درج کی ہے ،۔ملک عارف نے سینماء پر قبضے کے دوران 20 دسمبر 2024 کو سرعام لیاقت روڈ پر فائرنگ کی جس کی فوٹیجز ریکارڈ پر موجود ہے ہم نے پولیس سے رابطہ کیا تو پولیس نے الٹا ہمارے پارٹنرز کو حوالات میں بند کرکے جعلی ایف آئی آر درج کر دی ملک عارف کی فائرنگ سے دس افراد زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوا تھا، فائرنگ اور قبضے کے واقعےکے وہ عینی شاہد ہیں وفاقی دارلحکومت سے جڑے شہر میں دن دیہاڑے فائرنگ اور قبضے کی صورتحال دیکھ کر تاجر برادری سخت عدم تحفظ کا شکار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج یہاں شفافیت، احتساب اور انصاف کا مطالبہ کرنے آئے ہیں، راولپنڈی کے لوگوں کی زمینیں، کاروبار اور ان کے مستقبل پر دن دیہاڑے قبضہ کرنے والوں اور کرپٹ اہلکاروں کے گٹھ جوڑ سے قبضے کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے وفاقی حکومت، عدلیہ اور نیب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس سنگین ناانصافی کا فوری نوٹس لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کمشنر راولپنڈی اور ملک عارف دونوں کو قانون کے سامنے جوابدہ بنایا جائے۔ اور اس مسئلے پر جوڈیشنل انکوائری قائم کی جائے۔ جس میں تمام اداروں کی نمائندگی موجود ہو اور میرٹ کی بالادستی ہو۔ جو اس مسئلے میں ملوث ہو ان کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔
