اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان پرنٹنگ پریس کارپوریشن کے ملازمین کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہو سکی جس پر ملازمین نے پی سی پی ہیڈ آفس کے باہر علامتی ہڑتال کی جس میں ادارے کے ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین، جنرل سیکرٹری آل پاکستان پرنٹنگ پریس چوہدری محمد بلال اور جنرل سیکرٹری پاکستان ورکرز فیڈریشن اسد محمود نے کہا کہ پرنٹنگ پریس کا ادارہ اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہے اور انتظامیہ کی لاپرواہی، نااہلی اور مزدور دشمن پالیسیوں کے باعث محنت کشوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں۔مزدوررہنماؤں نے کہا کہ تین ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی نے ملازمین کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا ہے جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کو بھی ان کے واجبات کی ادائیگی تاحال نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے افسران اپنی مراعات اور الاونسز باقاعدگی سے وصول کر رہے ہیں جبکہ نچلے درجے کے ملازمین کو نظرانداز کیا جا رہا ہے جو کہ سراسر ناانصافی ہے۔اس موقع پر مزدور رہنماؤں نے وزیر اعظم پاکستان، وزیر خزانہ اورمتعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے کہ ملازمین کی تنخواہیں، بقایاجات اور پنشن کی ادائیگی فی الفور کی جائے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر حکومت نے اس معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو ہڑتال کا دائرہ کارپورے شہر میں پھیلا دیا جائے گا۔ہڑتال کے دوران ملازمین نے اپنے حقوق اور تنخواہوں کی بحالی کے لیے نعرہ بازی بھی کی اور کہا کہ وہ اپنے حقوق کے حصول تک احتجاج جاری رکھیں گے۔
