اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسرائیلی فورسز نے پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کو رہا کر دیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سینیٹر مشتاق عمان میں پاکستانی سفارت خانے میں محفوظ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سفارتخانہ ان کی خواہش اور سہولت کے مطابق وطن واپسی میں مکمل تعاون فراہم کرے گا۔
گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا تھا کہ پاکستان کی وزارت خارجہ، اردن کے دارالحکومت عمّان میں موجود اپنے سفارت خانے کے ذریعے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی بحفاظت واپسی کے لیے انتھک کوششیں کر رہی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ برادر ملک اردن کی حکومت کے قیمتی تعاون سے ہمیں امید ہے کہ یہ عمل آئندہ چند روز میں کامیابی سے مکمل ہو جائے گا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم برادر ملک اردن کی حکومت کے مثالی تعاون اور فراخدلانہ حمایت پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔
اس سے پہلے بھی دفتر خارجہ نے اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں غیر قانونی طور پر حراست میں لیے گئے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان سمیت دیگر پاکستانیوں کی واپسی سے متعلق بیان جاری کیا تھا۔
مزید پڑھیں: سعودی حکومت کا بڑا اعلان ، تمام ویزا ہولڈرز کو عمرہ ادا کرنے کی اجازت
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ ایک دوست یورپی ملک کے سفارتی ذرائع کے ذریعے ہم نے تصدیق کی ہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی قابض افواج کی تحویل میں محفوظ اور خیریت سے ہیں۔
ہمیں مزید آگاہ کیا گیا ہے کہ مقامی قانونی طریقہ کار کے تحت سینیٹر مشتاق احمد کو عدالت میں پیش کیا جائے گا اور جب ملک بدری کے احکامات جاری ہوں گے تو ان کی واپسی کو فوری بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق پاکستان اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ فعال طور پر رابطے میں ہے تاکہ اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں غیر قانونی طور پر حراست میں لیے گئے اپنے شہریوں کی سلامتی اور فوری واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر مشتاق احمد خان غزہ کی طرف جانے والے گلوبل صمود فلوٹیلا کے قافلے میں سوار تھے، اسرائیلی فورسز نے حملہ کرکے مشتاق احمد سمیت بیشتر افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔