اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسرائیل نے گلوبل صمود فلوٹیلا کے مزید 171 گرفتار اراکین کو ملک بدر کر دیا۔ تاہم پاکستانی سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اب بھی اسرائیل کی قید میں ہیں۔
اسرائیلی وزارت خارجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کیا کہ گریٹا تھمبرگ سمیت گلوبل صمود فلوٹیلا کے 171 ارکان کو ملک بدر کر دیا گیا ہے۔ جنہیں یونان اور سلواکیہ بھیجا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بدر کیے گئے افراد کا تعلق یورپ اور امریکہ کے مختلف ممالک سے ہے۔ جن میں یونان، اٹلی، فرانس، آئرلینڈ، سویڈن، پولینڈ، جرمنی، بلغاریہ، لیتھوانیا، آسٹریا، لکسمبرگ، فن لینڈ، ڈنمارک، سلواکیہ، سوئٹزرلینڈ، ناروے، برطانیہ، سربیا اور امریکہ شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:تقریباً 9 لاکھ فلسطینی غزہ پٹی سے منتقل ہو چکے ہیں، اسرائیلی وزیرِ دفاع
گلوبل فلوٹیلا میں شریک پاکستانی سابق سینیٹر مشتاق احمد خان اب بھی اسرائیل کی قید میں ہیں۔ اور ان کی رہائی سے متعلق تاحال کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسرائیل 450 سے زائد گرفتار افراد میں سے 170 کو پہلے ہی ملک بدر کر چکا ہے۔
اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے ’گلوبل صمود فلوٹیلا‘ کے تمام ارکان کو گرفتار کرلیا تھا۔ اور جنہیں اب ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے۔