راولپنڈی(عرفان حیدر) جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے پیش نظر واسا راولپنڈی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان واسا کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف کی ہدایت پر تمام متعلقہ عملہ اور مشینری الرٹ کر دی گئی ہے۔
واسا حکام کے مطابق نشیبی علاقوں میں عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ تعینات ہے تاکہ فوری نکاسی آب کو یقینی بنایا جا سکے۔ کمیٹی چوک انڈر پاس اور مری روڈ سمیت مختلف اہم مقامات پر بھی نکاسی آب کا عمل جاری ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایچ اے راولپنڈی کی نرسریز میں پودوں کے بارش سے بچائو کے لئے خصوصی اقدامات
ایم ڈی واسا کا کہنا ہے کہ شہر بھر کے نالوں اور نالہ لئی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ اس وقت معمول کے مطابق ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 6 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 3 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ واسا کسی بھی قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ جڑواں شہروں میں اب تک مجموعی طور پر 30 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔