مانسرشریف، ضلع اٹک (روشن پاکستان نیوز) درگاہ حضرت کلو بابا سرکارؒ، حضرت پیر سید انور علی شاہ اور حضرت راجہ صاحب شہیدؒ کا سالانہ عرس مبارک روایتی جوش و جذبے اور انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ درگاہ حضرت کلو بابا سرکارؒکی عرس کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں زائرین، علمائے کرام، مشائخ عظام، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ نائب وزیر اعظم جناب اسحاق ڈار نے دربار شریف پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور حضرت کلو بابا سرکارؒ کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر انہوں نے ملکی استحکام، قومی یکجہتی، اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا بھی کرائی۔ ان کے ہمراہ اہم سیاسی و حکومتی شخصیات بھی موجود تھیں۔وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بھی دربار پر حاضری دی، دعا میں شرکت کی اور چادر پوشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بزرگانِ دین ہمارے روحانی اثاثے ہیں، اور ان کے آستانے محبت، اخوت اور امن کے مراکز ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں برداشت، رواداری اور خدمت خلق کے فروغ کے لیے صوفیائے کرام کی تعلیمات پر عمل ناگزیر ہے۔ااس تقریب میں سابق میئر راولپنڈی سردار نسیم، راجہ سرفراز اکرم (خادم درگاہ شریف)، راحت قدوسی، امتیاز جنجوعہ، راجہ فائق ،برگیڈیر اصف،جنجوعہ، آ ڈاکٹر ریاض جنجوعہ، ڈاکٹر حیدر جنجوعہ، راجہ شہزاد، محمد وسیم عباس اور دیگر ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تمام مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں درگاہ شریف کی روحانی خدمات پر بریفنگ دی گئی۔
تقریب میں مختلف علما اور مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے حضرت کلو بابا سرکارؒ، حضرت پیر سید انور علی شاہ اور حضرت راجہ صاحب شہیدؒ کی دینی، روحانی اور فلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ اولیائے کرام نے دینِ اسلام کا پیغام عام کرنے کے ساتھ ساتھ معاشرتی اصلاح اور انسان دوستی کو فروغ دیا، جو آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔
عرس مبارک کے موقع پر خصوصی محفل نعت، ذکرِ الٰہی، اور درود و سلام کی روح پرور محافل بھی منعقد کی گئیں، جن میں مشہور نعت خوانوں اور ثنا خوانوں نے شرکت کی۔ روحانی محفلوں نے حاضرین کو جذبۂ ایمانی سے سرشار کر دیا۔خادمِ درگاہ حضرت کلو بابا سرکارؒ، راجہ سرفراز اکرم نے تمام زائرین، معزز مہمانوں، سرکاری افسران، سکیورٹی اداروں اور میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس عظیم روحانی تقریب کو کامیاب اور بابرکت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔آخر میں دعائے خیر کے ساتھ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ ہزاروں عقیدت مندوں نے دربار شریف پر حاضری دی اور روحانی سکون حاصل کیا۔