کولمبو(روشن پاکستان نیوز) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی۔
کولمبو کے پریما داسا اسٹیڈیم میں پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت کی پوری ٹیم مقررہ اوور میں 247 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 43 ویں اوور میں 159 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ قومی کرکٹ ٹیم جم کر نہ کھیل سکی۔ سدرا امین 81 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ جبکہ نتالیہ پرویز نے 33 رنز بنائے۔ سدرا نواز ایک چوکے کی مدد سے 14 رنز بنا سکیں۔ تین کھلاڑیوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں نہ جا سکی۔ جبکہ 2 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئیں۔
بھارت کی کرانتی گوڈ اور دیپتی شرما نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سنہ رانا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت کی طرف سے پرتیکا راول نے 31 ، سمرتی مندھانا نے 23 جبکہ ہارلین دیول 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ کپتان ہرمن پریت کور 19، جمیما روڈریگز 32، دیپتی شرما 25، سنہ رانا 20 اور وکٹ کیپر بلے باز رچا گھوش نے 35 رنز بنائے۔
پاکستان کی طرف سے ڈیانا بیگ 4، سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثناء 2، 2 جبکہ رامین شمیم اور نشرا سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں ویمنز ورلڈ کپ میں بھی بھارت نے اپنی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے کھیل کی روح کے منافی اقدامات جاری رکھے، ایشیا کپ کے ٹاس کے دوران بھارتی ٹیم کی کپتان نے پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا سے مصافحہ نہیں کیا۔
واضح رہے ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں آج پاک بھارت میچ بارش سے متاثر ہونے کا امکان ہے، میچ کے آغاز سے قبل بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے،کولمبو میں گزشتہ روز بھی مسلسل بارش کا سلسلہ جاری رہا تھا جس کے باعث سری لنکا اور آسٹریلیا کے درمیان میچ ختم کر دیا گیا تھا۔